جودھپور :یکم/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے جودھپور کی ایک عدالت نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈارسی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔ عدالت نے یہ حکم ’ویر فاؤنڈیشن ‘نامی ایک تنظیم کے یوتھ یونٹ کے نائب صدر پرنس شرما کی درخواست پر دیا ہے۔ راجکمار کے وکیل ہستی مل سارسوت نے ہفتہ کو اس کی اطلاع دی۔. ایڈوکیٹ ہستی مل سارسوت نے کہا کہ ’’جیک ڈارسی کے خلاف برہمن کمیونٹی کی تحقیر اور ان کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے تناظر میں جودھپور کورٹ میں عرضی دائر کی گئی تھی۔ آج کورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ جیک کے خلاف ایف آئی آر درج کرے‘۔ واضح ہو کہ معاملہ ایک پوسٹر سے منسلک ہے۔ حال ہی میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں جیک ڈارسی کچھ خواتین کے ساتھ کھڑے تھے اور ان کے ہاتھ میں ایک پوسٹر تھا۔ پوسٹر پر مبینہ طور پر لکھا تھا’’برہمنیہ پترستاکا ناش ‘۔ اسی معا ملہ کو لے کر برہمن کمیونٹی سے منسلک تنظیموں نے اعتراض کیا تھا ۔